منی بجٹ کے بعد ادویات، بیکری آئٹمز, مصالحہ جات سمیت 150 سے زائد اشیاء مہنگی ہوں گی

وفاقی حکومت کی جانب سے منی بجٹ لانے کے بعد 150 سے زائد اشیاء مہنگی ہوں گی۔ وفاقی حکومت نے ضمنی مالیاتی بل 2021 قومی اسمبلی میں پیش کیا جس کیخلاف ایوان میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل سے عوام پر بوجھ بڑھنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 343 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی جس میں سے مشینری پر 112 ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے، فارماسیوٹیکلز پر 160 ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے، باقی لگژری اشیاء کی درآمد پر 71 ارب روپےکی ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے۔ مشینری اور فارما انڈسٹری پر ٹیکس ریفنڈ ہو سکےگا۔

ضمنی مالیاتی بل میں جن اشیاء اور خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس (GST) کی شرح میں اضافے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں وہ درج ذیل ہیں۔


ان اشیاء پر سیلز  ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز ہے

  • بیکریوں، ریسٹورنٹ اور فوڈ چین پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • کیٹررز، ہوٹلز  اور  بڑے ریسٹورنٹس پر ٹیکس 7.5 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • سیب کے علاوہ درآمدی پھلوں، سبزیوں پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • پیکنگ میں فروخت ہونے والےدرآمدی مسالوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • ساشے میں فروخت ہونے والی اشیاء کا ٹیکس 8 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • فلور  ملز  پر بھی 10 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے جس سے آٹا بھی مہنگا ہوسکتا ہے۔
  • ملٹی میڈیا ٹیکس بھی 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصدکرنے کی تجویز ہے۔
  • بیٹری پر ٹیکس 12 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • ڈیوٹی فری شاپس پر بھی 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • درآمدی الیکٹرک کاروں پر سیلز ٹیکس 5 سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • ڈاک کے ذریعے  پیکٹ ارسال کرنے پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔
  • ادویات کےخام مال پر بھی 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) لگانے کی تجویز ہے۔
  • ماچس، ڈیری مصنوعات، الیکٹرک سوئچ پر 17 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے
  • برانڈڈ مرغی کے گوشت کے گوشت پر بھی 17 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • پراسس کئے ہوئے دودھ پر ٹیکس 10 فیصد سے 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • پیکنگ میں دہی، پنیر، مکھن، دیسی گھی اور بالائی پر ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • ڈیری کیلئے مشینری پر بھی ٹیکس شرح 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • موبائل فونز پر یکساں 17 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • سونے چاندی پر ٹیکس 1 فیصد سے 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • پرچون فروشوں کا ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
  • غیر ملکی سرکاری تحفوں اور عطیات پر 17 فیصد ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز ہے۔
  • قدرتی آفات کیلئے موصولہ مال پر ٹیکس لاگو ہونے کی تجویز ہے۔
  • درآمدی جانوروں اور مرغیوں پر 17 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • زرعی بیج، پودوں، آلات اور کیمیکل پر ٹیکس 5 فیصد سے 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔
  • بزنس ٹو بزنس رقم منتقلی پر سیلز ٹیکس بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں