منی بجٹ نیازی حکومت کا ’مدر آف آل بمز‘ اقدام ہے: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے منی بجٹ کو نیازی حکومت کا ’مدر آف آل بمز اقدام‘ قرار دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ منی بجٹ میں قوم پر 360 ارب روپے سے زائد ٹیکس لگائے گئے ہیں اور آج حکومت نے پاکستان کی معاشی خودمختاری اور معاشی آزادی انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے کر دی گئی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا منی بجٹ نہ لانے کا جھوٹ آج پوری قوم نے دیکھ لیا، یہ پہلا بجٹ ہے جس میں عوام اور معیشت کیلئے کوئی ریلیف نہیں، بچوں کے دودھ،مرغی، دہی، لال مرچ گھی، ڈبل روٹی، شیرمال پر 17 فیصد ٹیکس لگانا ظلم ہے ۔ 

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور پرسنل کمپیوٹرز پر ٹیکس لگا کر طالب علموں کے ساتھ زیادتی کی گئی، نواز شریف نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے، عمران نیازی نے چھین لئے، آج کے دن کو آنے والی نسلیں پچھتاوے اور سیاہ دن کے طورپر یاد کریں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ کے ذریعے عائد کئے گئے ٹیکسز کے باعث عام استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ ہو گا، جن اشیاءپر ماضی میں کبھی ٹیکس نہیں لگایا، موجودہ حکومت نے ان پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں