امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 31دسمبر کو سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کوآپریٹو سوسائٹیز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹیز کے اصل آلاٹیز کو پلاٹ نہیں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے ہاؤسنگ سمیت دیگر سوسائٹیز کے رہائشی پریشان ہیں، یہ ہمارا کام نہیں ہے لیکن عوام کا جب مسئلہ ہوتا ہے تو جماعت اسلامی موجود ہوتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ ملک ریاض معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے، ملک ریاض آپ کو پاسداری کرنی چاہیے، کوآپریٹو سوسائٹیز میں جعلی مینجمنٹ، قبضہ مافیا کو اب نہیں چلنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی غاصبانہ ایکٹ سندھ حکومت نے ہم پر نافذ کر دیا ہے، 36ادارے الگ الگ کام کر رہے ہیں، کسی محکمے میں کوئی کوآرڈینیشن نہیں ہے۔
انکا کہنا ہے کہ اس شہر میں بس اب ایک چین آف کمانڈ ہوگی، تمام شہری ادارے بلدیاتی حکومت کے ماتحت ہونے چاہیے، جماعت اسلامی اب کوآپریٹو سوسائٹیز کے رہائشیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ31 دسمبر کو سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج ہوگا اور احتجاجی دھرنے کا مرکز اب سندھ اسمبلی ہوگا، لوگوں کو ان کے گھر ملیں گے۔