نسلہ ٹاور کی تعمیر کی منظوری دینے والے ذمہ داران کیخلاف کارروائیوں کا آغاز

کراچی کے شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کی غیرقانونی تعمیر کی منظوری دینے والے ذمے داران کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا، پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے ٹاور کی تعمیر میں ملوث افراد کی گرفتاری چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

نسلہ ٹاور کیس میں ڈی آئی جی ایسٹ کی جانب سے 5رکنی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے بعد پولیس اور اینٹی کرپشن نے نسلہ ٹاور کی غیرقانونی تعمیر میں ذمے داران کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا ۔

ذرائع کے مطابق نقشے کی منظوری دینے والے ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے صفدر مگسی کے گھر چھاپہ مارا گیا لیکن گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماجد مگسی، ڈائریکٹر فرحان قیصر شمیت SBCA کے مزید 30 افسران کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں، نسلہ ٹاور کی منظوری کے وقت SBCAکے سابق ڈی جی منظور قادر کاکا تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مفرور افسران کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے اس کیلئے اگر ایف آئی اے سے مدد لینا پڑی تو ضرور لی جائے گی۔

محکمہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر نثار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز حسن ریٹائرڈ ہوچکے ہیں جبکہ نقشے کی منظوری دینے والے صفدر مگسی رواں مہینے ریٹائرڈ ہوں گے ۔

ادھر منظور قادر کاکا کی نوکری اب بھی برقرار ہے جو اگلے برس فروری میں ریٹائر ہوں گے،ٹاور کے ڈیزائن کی منظوری کے پیچھے منظور قادر کاکا ہی تھے، جو کینیڈا سے بیٹھ کر ایس بی سی اے کا نظام چلا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے اس لئے صفدر مگسی کے نام کو دبایا جا رہا ہے، اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے جو بعض سیاسی شخصیات تک جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض میڈیا ہاوسز کرپٹ افسران کو بچانے کیلئے من گھڑت خبریں چلا رہے ہیں، جو تحقیقات میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔

نسلہ ٹاورکےذمےداران کیخلاف مقدمہ اندراج کے معاملے پر ڈی آئی جی ایسٹ نے 5رکنی تحقیقاتی ٹیم بنادی۔

عدالتی احکامات کے بعد نسلہ ٹاور ذمےداران کیخلاف مقدمہ اندراج کے معاملے پرڈی آئی جی ایسٹ کی جانب سے 5رکنی تحقیقاتی ٹیم بنادی گئی۔

تحقیقاتی ٹیم درج مقدمے کی شفاف تحقیقات کرے گی جبکہ ٹیم کے انچارج ایس ایس پی ایسٹ انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین ہوں گے ۔

ایس ایس پی ایسٹ انویسٹی گیشن کے مطابق کیس میں ملزمان کی لسٹ پولیس کو مہیا کردی گئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جارہے ہیں ، لسٹ میں ایس بی سی اے کےاعلیٰ افسران شامل ہیں، افسران کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں