پاکستان سے سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران پاکستان سے سبزیوں کی برآمدات میں 31 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی 22-2021 کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی تا نومبر)کے دوران پاکستان نے 10 کروڑ 14 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کی سبزیاں برآمد کیں۔

گزشتہ سال کے ابتدائی 5 ماہ میں سبزیوں کی برآمدات کا حجم 7 کروڑ 71 لاکھ ڈالر سے زائد تھا۔ اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال سبزیوں کی برآمدات میں 31 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔

صرف نومبر میں پاکستان نے 3 کروڑ 32 لاکھ ڈالرز سے زائد کی سبزیاں برآمد کی ہیں جب کہ گزشتہ برس نومبر میں ایک کروڑ ڈالر کی سبزیاں بیرون ملک بھجوائی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال نومبر میں گزشتہ برس نومبر کے مقابلے میں سبزیوں کی برآمدات کا حجم 228 فیصد بڑھا ہے۔

دوسری جانب پاکستان سے پھلوں کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 13 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز سے زائد کے پھل برآمد کئے۔

رواں برس اسی دورانیے میں 17 کروڑ 73 لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کے پھل بیرون ملک بھجوائے گئے ہیں۔ اس طرح پھلوں کی برآمدات کے حجم میں بھی 27 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں