اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے. مختلف مقامات پر موٹر وے کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ہے۔ موٹر وے مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں شدید دھند ہے، موٹر وے ایم 3 فیض پور سے درخانہ، موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے فیصل آباد اور شیر شاہ ملتان انٹر چینج سے فیصل آباد تک بند کردی گئی۔
موٹر وے ایم 5 کو ملتان سے رحیم یار خان تک بند کردیا گیا۔ شدید دھند کے باعث ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کی گئی۔
موٹر وے پر حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔شدید دھند کے باعث سوات ایکسپریس وے کے ایس کے سے کاٹلنگ تک بند کردی گئی۔
موٹر وے پولیس کا شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ہدایت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ مجبوراً سفر کی صورت میں فوگ لائٹس استعمال کریں۔