پاکستان ریلوے نے تقریباً ایک سال سے بند کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی لکژری ٹرین جناح ایکسپریس کو جنوری 2022 میں بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ روز ریلوے ہیڈکواٹرز آفس لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن نے کہا کہا کہ جیسے جیسے مزید کوچز دستیاب ہوں گی باقی بند ٹرینوں کو بھی بحال کر دیا جائے گا۔
مختلف اسٹیشنز پر اسٹاپ دینے کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نے کہا کہ جہاں پر ضرورت ہوتی ہے وہاں آمدن کو دیکھتے ہوئے ضرور اسٹاپ دیئے جاتے ہیں، دھند کی وجہ سے کچھ ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ مقررہ اوقات پر ہی ٹرینیں روانہ کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گوجرہ ریلوے اسٹیشن کی عمارت کا جائزہ لیا جائے گا اور سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے بیٹھنے کے لیے مزید بینچز کی تعداد بڑھائی جائے گی، سمہ سٹہ اور بہاولنگر سیکشن پر کام شروع ہوچکا ہے۔
ریلوے ملازمین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب حکومت کی پالیسی آئے گی تو اس کے مطابق ٹی ایل اے اور پی ایم پیکج کے ملازمین کو کنفرم کر دیا جائے گا۔
ریلوے فلیٹوں میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی فراہمی کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے جیسے ہی منظوری ہوجاتی ہے تو گیس کی فراہمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ کرونا وبا کے باعث مارچ 2020 میں جناح ایکسپریس کو بند کیا گیا تھا لیکن فروری 2021 میں دوبارہ بحال کیا گیا لیکن چند ماہ بعد ٹرین کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔
ریلوے حکام کی جانب سے جناح ایکسپریس کے نئے کرائے اور اسٹاپ سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں.