گھریلو صارفین کو گیس رعایتی نرخوں پر دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تجویز ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مقامی طور پر ایک پی جی کی پیداوار بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن نے کمیٹی کو گھریلو صارفین کو گیس رعایتی نرخوں پر دینے کی تجویزپیش کی۔
وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں گیس سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قلیل اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی۔
جاری کردہ اعلامیے کے تحت پیٹرولیم ڈویژن کو دی گئی تجاویز کو سمری کی صورت ای سی سی میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکائے اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لیے سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کو ملک کے لیے درآمدی ایل این جی کی طلب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کمیٹی نے ایل این جی پر ٹاسک فورس کو فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔