کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران برقرار ہے اور اب گیس بحران کے معاملے پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے ہیں۔
ایم این اے آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کو کھری کھری سنا دیں۔
آفتاب صدیقی نے حماد اظہر کو خط لکھا کہ ان کے ڈیفنس کے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے، اکتوبر سے گیس کا مسئلہ چل رہا ہے، آپ کو بارہا میسجز بھی کیے لیکن آپ نے کوئی جواب نہیں دیا، آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے خط میں مزید لکھا کہ اگر یہی رویہ رہا تو بلدیاتی الیکشن میں کراچی میں بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، این اے 247 کے رہائشی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں، میرے حلقے بالخصوص ڈی ایچ اے میں گیس کی قلت کا نوٹس لیں۔