وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہم سابقہ دورِ حکومت کی غلطیاں سدھارنے میں لگے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ ن لیگ کے مہنگے توانائی منصوبوں کے باعث عوام کو بجلی مہنگی پڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتے گردشی قرضے بھی سابقہ حکومت کا شاخسانہ ہیں، ہم سابقہ دور کی غلطیاں سدھارنے میں لگے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ماضی میں ایل این جی مہنگے داموں درآمد کی جاتی رہی، تحریک انصاف کی حکومت نے سستے نرخوں پر ایل این جی درآمد کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایل این جی کا سب سے سستا سودا پی ٹی آئی نے کیا، ن لیگ کے غلط فیصلوں سے پاور سیکٹر پر بوجھ بڑھا، اس لیے ان فیصلوں کے باعث بجلی بھی مہنگی ہوئی۔
حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ ہر سال کیپیسٹی پیمنٹس بڑھ رہی ہیں، عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے زیادہ بجلی گھر لگائیں گے اتنا ہی کرایہ ادا کرنا پڑے گا، مسلم لیگ ن کو ان کی غلطیوں کا احساس دلاتے رہیں گے۔