افغانستان کی صورتحال پر فوری اقدامات نہ کئے تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال میں بہتری لانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان سے متعلق فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے بعد او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے شرکا کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے
سیکریٹری جنرل او آئی سی کا بھی بطور خاص خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان وفد کو بھی کانفرنس میں مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں افغان صورتحال پر تبادلہ خیال اہم پیشرفت ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کانفرنس کے موقع پر افغان وفد سے متعدد بار ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ افغانستا ن میں ابھرتے ہوئے انسانی المیے سے بروقت نمٹنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں مرکزی نقطہ 4 کروڑ افغان عوام تھے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے متعلق فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بڑانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحا ل میں بہتری لانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کانفرنس کی پہلی قرارداد میں افغانستان میں انسانی صورتحال کا جائزہ پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے او آئی سی کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں