امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ امریکا نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ذریعے دنیا کی معیشت کو قابو کیا مگر ہمارے حکمرانوں نے نظام ہی آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔
لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج ملک کا کوئی فیصلہ پارلیمنٹ اور کابینہ میں نہیں ہوتا، سودی نظام کے خاتمے کے لیے قرآن پاک کے معاشی نظام پر چلنا پڑے گا۔
سراج الحق نے پوچھا کہ کہاں گئی وہ تبدیلی، آج دنیا کے 182 ملکوں میں پاکستان 5 کمزور ترین پاسپورٹس والے ممالک میں شامل ہے، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، سوا 3 سال میں معیشت تباہ ہوگئی، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے بےروزگاری عام کر دی۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا پڑھا لکھا طبقہ ملک سے باہر جا رہا ہے، وزیراعظم کو مہنگائی کے بارے ٹی وی سے پتہ چلتا ہے، سیاستدان مغل شہزادوں کی طرح سوچتے ہیں، یہ وی آئی پی کلچر ختم کرنا ہوگا۔