خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات؛ پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق،3 زخمی

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف حلقوں میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات رونما ہوئے۔ کرک میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات کی گہما گہمی عروج پر رہی اور مختلف انتخابی حلقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ حدہ بانڈہ پولنگ اسٹیشن پر پیش آیا۔ جس کے بعد تخت نصرتی،غری خیل، حدہ بانڈہ اور لغڑی بانڈہ میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

زخہ خیل میں صورت حال کشیدہ ہونے کے باعث کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا جبکہ جھگڑے کے دوران راکٹ لانچر بھی فائر کیا گیا اور بیلٹ بکس وغیرہ توڑ دیے گئے۔ جھگڑوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

مہمند کی تحصیل حلیم دورباخیل میں بھی پولنگ کے دوران بدنظمی کی صورتحال رہی۔ ووٹر زبردستی پولنگ بوتھ کے اندر داخل ہو گئے جس کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں