وزیرِاعظم کے نمائندہ خصوصی برائے امورِ مشرق وسطیٰ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو اثر پوری دنیا پر پڑے گا، کل شام کو اسلام آباد سے پوری دنیا کو افغانستان میں امن لانے کا پیغام جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے طاہر اشرفی نے ملاقات کی ہے جس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے حکومت کے اقدامات اور مشرقِ وسطی کے امور پر گفتگو ہوئی ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ’یوم عربی‘ منایا جارہا ہے، پورے ملک میں عربی زبان آسان بنانے کے لیے کام کریں گے، پاکستان میں اسکولوں، کالجوں اور مدارس میں عربی کا شارٹ کورس کروائیں گے۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ خطرناک ملک ہے، او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس سے ثابت ہوگیا پاکستان پُرامن ملک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس سے خطاب کریں گے، سعودی عرب کی مشاورت سے افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو اثر پوری دنیا پر پڑے گا، پاکستان کی کوششوں سے دنیا کے ممالک نے افغانستان حکومت سے بات کی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے افغانستان کے لیے امداد پہنچائی گئی ہے۔