شرح سود میں مزید اضافہ ہو گا یا نہیں؟ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتا دیا

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ ملک میں شرح سود میں مزید اضافہ فی الحال نہیں کیا جائے گا۔

عالمی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافے کے باوجود رواں مالی سال کے دوران ملکی ترقی کی شرح 5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

بلوم برگ کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، پچھلے چھ ماہ کے دوران پاکستانی روپیہ ایشیا کی 13 کرنسیوں میں سے سب سے زیادہ بدحال رہا۔

دوران انٹرویو گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہم دیر نہیں کرنا چاہتے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افراط زر کی توقعات حوصلہ افزا رہیں اسی لیے ہم نے ستمبر سے اب تک شرح سود میں مجموعی طور پر 275 بیس پوائنٹس بڑھائے۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ ہم نے مانیٹری پالیسی کے بیان میں مستقبل کا اشارہ بھی دیا ہے کہ اب ہم ایک وقفہ لے سکتے ہیں، ہم اس لیے وقفہ لینے جا رہے ہیں تاکہ جو اقدامات پہلے اٹھا چکے ہیں اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں