فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ نجی یونیورسٹی میں میرے بیان کو غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ میں نے صرف یہ بتایا تھا کہ موجودہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے کے معاملات دیوالیہ جیسی تشویش ناک صورت حال ظاہر کر رہے ہیں۔
My speech in Hamdard University is being misreported. There was a presentation of half & hour. Only three minutes have been cherry picked. Yes I said that with this constant current account & fiscal deficit there are issues of bankruptcy & going concern but look at the solution.
— SyedShabbarZaidi (@SShabbarZaidi) December 16, 2021
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں 10 مئی 2019ء سے 8 اپریل 2020ء تک چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر فائز رہے شبر زیدی نے نجی کالج کی ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے، یہ غلط بات ہے کہ ملک بڑا اچھا چل رہا ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ میری رائے کے مطابق اس وقت ملک دیوالیہ ہوچکا ، اکاؤنٹنگ کی اصطلاح میں ملک دیوالیہ ہوچکا۔
سابق چیئرمین ایف بی آرکا مزید کہنا تھاکہ جب آپ یہ طے کرلیں کہ ہم دیوالیہ ہوچکے ہیں اور اس سے آگے ہمیں چلنا ہے، یہ زیادہ بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ آپ کہیں کہ ملک اچھا چل رہا ہے، میں یہ کردوں گا، میں وہ کردوں گا، یہ سب لوگوں کو دھوکا دینے والی باتیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی ہی غلط ہے، جب تک پورٹ کے قریب صنعتیں نہیں لگیں گی، ایکسپورٹ نہیں بڑھے گی۔