قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ قومی سلامتی اور خودمختاری کا سودا ہے، منظور نہیں ہونے دیں گے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ منی بجٹ منظور ہوا تو پاکستان کی معاشی خودمختاری ہار جائے گی، سستے پاکستان کا پراپیگنڈہ کرنے کے بجائے منی بجٹ واپس لیا جائے۔
ان کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود قوم کو ریلیف نہیں دیاگیا، مہنگائی کا علاج مزید مہنگائی کی کڑوی گولی سے کرنا حماقت اورظلم کی انتہا ہے، منی بجٹ روکنے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ مہنگائی کا علاج مزید مہنگائی کی کڑوی گولی سے کرنا حماقت در حماقت اورظلم کی انتہا ہے، منی بجٹ بلڈوز کرکے منظور کرایا گیا تو پاکستان کی نئی اسٹیبلشمنٹ کا نام آئی ایم ایف ہوگا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔