کراچی سے کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر شہروں میں ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کے بلدیہ یوسف گوٹھ بس ٹرمنل میں آگ لگنے سے ایک مسافر کوچ جل گئی۔
سعید آباد پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں حب ریور روڈ پر واقع یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے اندر کھڑی ایک کوچ میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی۔
ٹرانسپورٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ تیز ہونے کی وجہ سے یہ کوششیں ناکام رہیں۔ اس دوران فائر بریگیڈ کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔
سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے فائر بریگیڈ کنٹرول کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع پر بلدیہ ٹاؤن اور سعیدآباد سے دو گاڑیوں کے ہمراہ فائر فائٹرز روانہ کئے گئے جنہوں نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
سعید آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر شاکر حسین کے مطابق آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آتشزدگی پر فوری طور پر قابو پانے کی وجہ سے مزید املاک کو جلنے سے بچالیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر اندازہ لگایا جارہا ہے کہ کئی دن سے کھڑی ہوئی بس میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تاہم وجوہات اور اس سے ہونے والے نقصانات کی حتمی رپورٹ فائر بریگیڈ ٹیم جاری کرے گی۔