وزیرِ اعظم عمران خان نے برطرف کیئے گئے گریڈ ایک سے 7 تک کے ملازمین کو بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بات سپریم کورٹ آف پاکستان میں بر طرف ملازمین کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ہدایات لے کر عدالتِ عالیہ کو بتائی ہے۔
اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو آگاہ کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے برطرف سرکاری ملازمین سے متعلق 3 ہدایات دی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ گریڈ 1 سے 7 کے ملازمین کو بحال کیا جائے، جبکہ 8 سے 17 گریڈ کے ملازمین کا ایف پی ایس سی ٹیسٹ لیاجائے۔
اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ آف پاکستان کو بتایا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن 3 ماہ میں ملازمین کےٹیسٹ کا عمل مکمل کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو ملازمین ٹیسٹ پاس کریں گے انہیں مستقل کر دیا جائے گا، ٹیسٹ کلیئر ہونے تک ملازمین ایڈہاک تصور ہوں گے۔
واضح رہے کہ عدالت نے ایکٹ کالعدم قرار دیا تھا جس سے متاثرہ ملازمین کی تعداد 5 ہزار 947 ہے۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے کیس کا فیصلہ کل سُنایا جائے گا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے 16 ہزار برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان ہدایت کی تھی کہ اٹارنی جنرل وزیرِ اعظم کا مؤقف بتائیں اور ہدایات لے کر آگاہ کریں کہ ملازمین کے لیے پارلیمنٹ کیا اقدامات کر سکتی ہے؟