افغانستان پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے: وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت توجہ نہ دی گئی تو افغانستان میں بڑا انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مارگلہ ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افغانستان غذائی قلت کا شکار ہو سکتا ہے، افغانستان پر توجہ نہ دی گئی تو المیہ جنم لے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی انسانی بحران پر قابو پانے میں افغان بھائیوں کی مدد کر سکتی ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی آبادی ہے اور چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، کورونا کے باوجود برطانیہ کو پاکستان سے برآمدات 28 فیصد بڑھیں، پاکستان میں رواں سال 30 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت میں مودی کی حکومت آنے پر مذاکرات کے لیے ہاتھ بڑھایا تھا، بھارت نے مذاکرات کی پاکستانی پیشکش پر اپنے دروازے بند کرنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، ایشیا کو انتشار سے بچانے کے لیے مسئلہ کشمیر پر توجہ دینے کی ضروت ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں