پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ موجود حکمران تین سالوں میں ملک کو 30 سال پیچھے لے گئے ہیں ۔موجودہ حکومت نے ملک کا معاشی اور طبی نظام تباہ کردیا ۔ پی ٹی آئی کومسلط کرنے والوں کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوچکاہے۔
جماعت اسلامی نے پشاور میں انتخابی جلسہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو مسلط کرنے والوں کو معلوم ہوچکا ہے کہ یہ حکومت بنی گالہ کا ایک تھانہ ٹھیک نہیں کرسکتے ۔حکومت تو دور کی بات ہے ۔ اس حکومت کی وجہ سے آج پوری قوم بھکاری بن چکی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 6 ارب ڈالر کے لئے سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا ۔ ملک کا آئے روز بیڑا غرق ہورہاہے ۔ اس حکومت نے تین سال میں ملک کو 30 سال پیچھے دھکیل دیا۔
سراج الحق کاکہناتھاکہ کرپشن فری پاکستان کے لئے کرپشن فری قیادت ضروری ہے اور کرپشن فری قیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے اس لیے شہری جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔