آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کوکسی دشمن کی ضرورت نہیں، پاکستان کو عالمی امور سے متعلق تھنک ٹینکس کی بہت ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں ایک پرامن اورخوشحال جنوبی ایشیا کےموضوع پرکانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے ساتھ بڑے ہوتے ہوئے دیکھا کہ 60 کی دہائی میں بہترین پلاننگ کمیشن ہوتاتھا، جس سے ملک کی سب سے زیادہ معاشی ترقی ہوئی بلکہ ملائیشیا نے پاکستان کے ماڈل پر عملدرآمد کرکے ترقی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاکستان میں تھنک ٹینکس ختم ہوگئے،جب آپ کے تھنک ٹینکس نہ ہو تو باہر سے خیالات لئے جاتے ہیں اور جو بھی رجحان پروان چڑھتا ہے ہم اس کے غلام بن جاتے ہیں، عالمی امور سے متعلق تھنک ٹینکس کی بہت ضرورت ہے، لوگوں کو قومی مفاد سے متعلق آگاہی نہیں، امریکا میں بیٹھے لوگ پاکستان سے متعلق تجزیئے کرتے ہیں ، امریکا میں لوگوں کوپاکستان کےزمینی حقائق کا علم نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی بنانے کا مقصد آگاہی پیدا کرناہے، ہمیں دنیا کو اسلام سے متعلق آگاہی فراہم کرنی ہے، انتہاپسندوں کوسامنےرکھ کرپاکستان کاتشخص ظاہرکیاجاتاہے، ہمیشہ غلط کیلکولیشن کی وجہ سے دنیا میں جنگیں ہوئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ رہا ہے، ہندوستان سے مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی کوشش کی، ہندو توا سوچ خود ہندوستان کیلئے خطرناک ہے، بدقسمتی سے ہمارا مقابلہ آر ایس ایس کے نظریہ سے ہے، بھارت میں آر ایس ایس کا نظریہ پائیدار نہیں ہے، آر ایس ایس کے ہوتے ہوئے بھارت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ طالبان کے آنے سے افغانستان میں خانہ جنگی کاخدشہ تھا،افغانستان میں خانہ جنگی ہماری کیلئےڈرونا خواب ہوتا، افغانستان میں خانہ جنگی سے پاکستان میں مہاجریں آتے، افغانستان میں آج لوگ بہت مطمئن ہیں، افغانستان کے اثاثے منجمد ہونے سے معاشی مسئلہ پیدا ہوا، افغانوں کی مدد نہ کی تو انسانی المیہ جنم لے گا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان پر پابندیوں سے پوری دنیا کو خطرہ ہوگا، پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کیلئے کوشاں ہے، وسط ایشیائی ممالک پاکستان سے تجارت بڑھانا چاہتےہیں، افغانستان میں امن سے تجارتی رابطہ بحال ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سرد جنگ سے دنیا کوبہت نقصان پہنچا، پاکستان کسی سرد جنگ کا حصہ بنانا نہیں چاہتا ، موسمی تبدیلی سے پوری دنیا کو خطرے کا سامنا ہے، موسم گرم ہونے سے گلیشیئر پگھل رہے ہیں، پاکستان موسمی تبدیلی سے متاثرہ10ممالک میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے مزیدکہا کہ نائن الیون کے بعد اسلام اور پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، باہر بیٹھ کر ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایک طبقہ سمجھتا ہے کہ جو مغرب سے آتا ہے وہ سب ٹھیک ہے، باہر بیٹھ کر کہا جاتا ہے کہ پاکستان بہت خطرناک ملک ہے، باہر کے لوگوں کو ہماری تاریخ اور ثقافت کا پتہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں