پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں: وزیرِ خارجہ

وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف سے متعلق ایکشن پلان پر بھرپور تعاون کیا، اسے اب گرے لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں بنتا۔

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے فیٹف سے متعلق قانون سازی بھی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف حکام سے گرے لسٹ کے معاملے پر کھل کر بات ہوئی، 3 سال میں پاکستان نے انتظامی اقدامات سے متعلق فیٹف کو آگاہ کیا۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 2018ء میں دیئے گئے ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا، فیٹف نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر عمل کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک نکتے پر پاکستان کو غیر ضروری طور پر گرے لسٹ میں رکھا ہوا ہے، فیٹف میں چھوٹا سا طبقہ اس کی ساکھ متاثر کر رہا ہے۔

وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ یورپی یونین اور دیگر ممالک کو اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا یورپی اور دیگر ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں