بس یہی جذبہ تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچالوں، ملک عدنان

اسلام آباد: سیالکوٹ سانحے میں پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی شہری ملک عدنان نے کہا ہے کہ اس دن ان کا بس یہی ایک جذبہ تھا کہ کسی طرح‌ سری لنکن شہری کو بچا لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم آفس میں ملک عدنان نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچالوں، میں چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آجائے جس سے ملک کا نام خراب ہو۔

انھوں نے کہا شاید یہ قتل اب قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو، اور یہ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ بدل کر رکھ دے، کیوں کہ سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہو سکے گی۔

دریں اثنا، آج مقتول سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ملک عدنان کو تمام وزرا، اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے خوب سراہا، علمائے کرام، سول سوسائٹی، اور میڈیا نے ملک عدنان کی بہادری کی تعریف کی۔

عمران خان نے کہا ملک عدنان کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوا کہ اس نے جان بچانے کی کوشش کی، ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، مجھے امید ہے ہماری یوتھ ملک عدنان کو دیکھ کر یاد کرے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے کھڑا ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں