این اے 133: تحریک انصاف انتخاب سے آوٹ ہو کر بھی الیکشن جیت گئی، حسان خاور

لاہور: حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ ووٹنگ ٹرن آوٹ ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن سے عوام کی لاتعلقی اپوزیشن کی احتجاج کی سیاست میں آخری کیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب بھی ہوش کے ناخن لے اور احتجاج کی سیاست سے باز آجائے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان حسان خاورنے کہا کہ ٹرن آوٹ کم ہونے سے ضمنی انتخاب کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ نہ ڈال کر ثابت کر دیا کہ اپوزیشن اب ووٹ کو ترسے گی۔

حسان خاور نے کہا کہ پی ٹی آئی کو میدان سے باہر کرنے پر عوام نے احتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کیے اورتحریک انصاف کے ووٹرز نے اپوزیشن کو سرخ جھنڈی دکھا دی۔

ترجمان پنجاب حکومت نے استفسار کیا کہ جو اپوزیشن ووٹرز کو گھروں سے نہ نکال سکی وہ احتجاج کے لیے عوام کو کیسے نکالے گی؟

ہم نیوز کے مطابق حسان خاور نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف انتخاب سے آوٹ ہوکر بھی الیکشن جیت گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں