سیالکوٹ،ذمہ داران کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، شہباز شریف: واقعے نے دل چیر دیا، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

ن لیگ کے مرکزی صدر نے زور دے کر کہا کہ ہمیں امن، محبت اور رحم کے پیغام پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ہونے والے دلخراش واقعے نے دل چیر کے رکھ  دیا ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی نے استفسار کیا ہے کہ کیا یہ درندگی ہماری پہچان اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے؟ اور کیا یہ ملک ایک محفوظ ملک تصور ہو گا؟

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، انسان سوال کرے بھی تو کس سے کرے؟

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والا واقعہ شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کی بدنامی کا باعث ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ اس واقعے کا اسلام اور دینی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ  غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں