خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی افراد کیلئے ساڑھے ارب روپے کے ” ہم قدم ” پروگرام کا افتتاح کر دیا۔
“ہم قد م” پروگرام کی افتتاحی تقریب وزیر اعلیٰ پنجاب آفس میں ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے تحت مالی معاونت کیلئے اہل خصوصی افراد میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے خصوصی افراد کے لئے”ہم قدم“ پروگرام کا آغاز تاریخی اقدام ہے،جس کے تحت خصوصی افرادکی مالی معاونت کی جائے گی، پروگرام سے ساڑھے 63 ہزار معذور افراد مستفید ہوں گے، خصوصی افراد کو 27 کروڑ روپے کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ 10 کروڑ روپے سے خصوصی افراد کو وہیل چیئر، آلہ سماعت اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، سپیشل افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ماضی کی حکومت کی عدم توجہ کے باعث خصوصی افراد کو سماجی و معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خصو صی افراد کو قومی دھارے میں شامل کیا جانا بہت اہمیت کا حامل ہے ، خصوصی افرادکی معاشی خودمختاری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، خصوصی افراد کو سماجی و معاشی ترقی کے مساوی مواقع میسر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
پنجاب احساس پروگرام کے تحت پسماندہ طبقات کے معیار زندگی میں بہتری، عدل، مساوات اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، سہیل ظفر، سلیم بریار، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام موجود تھے۔