وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے تمام عمارتوں کے لیے وہیل چیئر کا راستہ بنانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ معذور افراد نے آج کے دن وزیراعلیٰ ہائوس آ کر عزت بخشی، 2016ء میں وزیراعلیٰ بنا تو کچھ معذور افراد وزیراعلیٰ ہاؤس ملنے آئے، میں نے اندر بلانا چاہا لیکن وہیل چیئر ٹریک نہیں تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم جب اپوزیشن میں تھےاس وقت بھی ان کے احتجاج میں شامل ہوتے تھے، اب ہرعمارت کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ وہیل چیئر کا راستہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ صادق میمن کو جب محکمہ دیا تو اُنہوں نے کہا میں کیا کروں گا، میں نے کہا وزیراعلیٰ کا اتنا کام نہیں جتنا اس وزارت میں ہے، یہ ایک ہفتے بعد ملےتو کہنے لگے زبردست کام دیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنا کام کیا ہے کم ہے، زیادہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جو کمپلیکس بنانا چاہتے ہیں سندھ حکومت آپ کے ساتھ ہے، ہم ہر ضلع میں آٹزم کے سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں، میں خصوصی افراد کے لیے انویسٹمنٹ کرنا چاہتا ہوں، مجھے ایسے لوگ چاہئیں جو محبت اور محنت سے یہ کام کرنا چاہتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے کام پیسوں سے نہیں بلکہ دل سے ہوتا ہے، سجاول والا سینٹر مزید بہتر کرنا ہے، ہم نے 2018ء میں قانون بنایا جو خصوصی افراد کو با اختیار کرنے کا بہترین قانون ہے۔