کراچی کے مختلف علاقوں میں‌ فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

شہر قائد میں چند ہی گھنٹوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے، جن میں سے ایک کو ہائی پروفائل قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے بلال کالونی قبرستان کے قریب نجی کمپنی کے ملازم کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس نفری جائے وقوعہ پہنچی جنہوں نے مقتول کی شناخت کے لیے جیب میں رکھے کاغذات نکالے۔پولیس اہلکاروں کے مطابق مقتول کی جیب سے علیحدہ علیحدہ ناموں کے دو شناختی کارڈ برآمد ہوئے، جن پر والدیت ایک ہی تھی۔

ابتدائی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول نجی کمپنی کا ملازم تھا، جسے باقاعدہ ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ پولیس نے نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

قبل ازیں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کار سوار سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہرکوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ، عرفان مہربچوں کواسکول چھوڑنے جارہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں