اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنل ایکٹ2021 پر دستخط کردیئے، اس قانون سے ورکنگ جرنلسٹ کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈمیڈیا پروفیشنل ایکٹ2021پردستخط کی تقریب ہوئی ، صدرمملکت عارف علوی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنل ایکٹ2021 پر دستخط کئے ، اس موقع پر خطاب میں عارف علوی نے کہا آج تاریخی قانون پر دستخط کئےگئے ہیں ، صحافی ہمیشہ دباؤ میں کام کرتے رہے ہیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں کی ذریعے معاشرے میں افراتفری پھیلائی جاتی ہے ، افغانستان کوجھوٹی خبروں نے برباد کردیا، پاکستان میں فیک نیوزکی یلغار ہے۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کی ملازمت کا تحفظ یقینی بنارہےہیں، ورکنگ جرنلسٹ کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈمیڈیا پروفیشنل ایکٹ کا فائدہ مستحق لوگوں کو ہوگا، میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر بھی نمائندہ تنظیموں سے مفید گفتگوجاری ہے، اس قانون سے ورکنگ جرنلسٹ کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس بل 2021 منظورہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج کا دن پاکستان میں میڈیا آزادی کےلیےبڑی کامیابی ہے، وزیراعظم نےثابت کیاوہ آزادی اظہار، آزادی صحافت پریقین رکھتےہیں، انھوں نے آزادی اظہارپریقین کوعملی شکل دی۔