حکومت پنجاب نے تعلیم بالغاں کے سلسلے میں ریلوے قلیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
صوبائی وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ نے ملتان ریلوے اسٹیشن پر قلیوں کے مرکز کا افتتاح کردیا ہے۔
اس حوالے سے راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی اسکول کی شکل نہیں دیکھی، یہ پہلا قلیوں کے لیے اسکول بنایا گیا ہے جو پلیٹ فارم پر بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین کا وقت نا ہو تو اس وقت یہ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، تعلیم حاصل کرنے سے قلیوں کے رویے میں تبدیلی آئی ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے یہ بہت اچھا اقدام ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مچھیروں اور دریاؤں پر رہنے والوں کے لیے کشتیوں میں اسکول بنائے ہیں اور مالیوں کی تعلیم کے لیے بھی جلد اسکولوں کا آغاز کیا جائے گا۔
راجہ راشد حفیظ نے مزید کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے 13 ہزار سے زائد اسکول تعلیم کے فروغ کے لیے چل رہے ہیں، یہ منصوبے پائلٹ لیول پر چل رہے ہیں اس میں دیکھا جا رہا ہے کہ لوگوں کا انٹرسٹ کتنا ہے، جب یہ پورے پنجاب میں مکمل لانچ ہو جائے گا تو انہیں کچھ نا کچھ معاوضہ بھی دیا جائے گا۔