کوئٹہ سے کراچی کیلیے بولان میل بحال کر دی گئی

پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے کراچی کے درمیان چلنے والی بولان میل کو دو سال بعد بحال کر دیا۔

چئیرمین اسٹینڈنگ کمیٹی سینیٹر قاسم رونجھو نے افتتاح کیا۔ قاسم رونجھو کا کہنا تھا کہ ٹرین غریبوں کی سواری ہے۔ کوئٹہ سے نائٹ کوچ بھی چلائی جائے گی اور ریلوے بہت جلد عوام کے مفاد کے لیے مزید تبدیلیاں لائے گی۔

کوئٹہ سے 8 بوگیوں پر مشتمل ٹرین 600 مسافروں لے کر کراچی روانہ ہوئی۔ ٹرین تقریباً 21 گھنٹے میں کراچی پہنچے گی۔

بولان میل کا اکانومی کا کرایہ ہزار روپے جبکہ اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 2400 روپے ہے۔ کوئٹہ سے صبح 11 بجے روانہ ہوکر کراچی صبح 7:55 پر پہنچے گی جبکہ کراچی سٹی اسٹیشن سے 6بجے روانہ ہو کر کوئٹہ دوپہر 3:40 منٹ پر پہنچا کرے گی.

کوئٹہ سے روانہ ہو کر ٹرین کولپور، مچھ، آبِ گم، سبی، ڈومکی، بختیار آباد، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، بڈھا، رادھن، رحمانی نگر، دادو، سیہون شریف، سندھ یونیورسٹی، کوٹری، برادآباد، جنگ شاہی، لانڈھی اور ڈرگ روڈ پر اسٹاپ کرے گی۔

کراچی سے کوئٹہ جاتے ہوئے بھی ٹرین انہی اسٹاپس پر رکے گی۔

واضح رہے کہ دو سال قبل کرونا وباء کے باعث بولان میل سمیت کوئٹہ سے چلنے والی اکبر ایکسپریس کے علاوہ دیگر دو ٹرینوں کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل، ریلوے کی جانب سے کوئٹہ سے صرف جعفر ایکسپریس چلائی جا رہی تھی جوکہ صبح 9بجے روانہ ہوکر سکھر، روہڑی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی سے ہوتے ہوئے اگلے روز شام 6 بجے تک پشاور پہنچتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں