پنجاب میں شوگر ملز چلنے کے بعد مقامی چینی کی قیمت میں مسلسل کمی جاری ہے۔نئی پیداوار آنے کے بعد لاہور کے اکثر علاقوں میں موٹی اور معیاری مقامی چینی کی قیمت 90 روپے فی کلو کے حساب سے بک رہی ہے۔
درآمدی چینی سے تنگ شہریوں کے لئے اب سستی مقامی چینی دستیاب ہے۔ 2 ہفتے پنجاب کی ملیں چلیں توچینی کی فی کلو قیمت میں 40 سے 50 روپے کمی ہوگئی۔چینی کی ایکس مل قیمت 86 سے 87 روپے ہوگئی جبکہ پرچون قیمت 90 روپے ہے۔ڈیلرز اور شہریوں کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں چینی کی قیمت میں مزید کمی ہوگی۔
دوسری طرف شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گنے کی کٹائی میں کمی کی وجہ سے ملیں اپنی صلاحیت کے مطابق نہیں چل رہیں۔اگر حکومت نے قیمت کے تعین میں زیادہ مداخلت نہ کی تو اگلے سال میں صورت حال بہتر ہی رہے گی۔
مقامی چینی کے مارکیٹ میں آنے کے بعد حکومت نے درآمدی چینی کی فراہمی بند کردی ہے۔ گوداموں میں موجود چینی کو اب طلب اور رسد کے فرق کی صورت میں ہی جاری کیا جائے گا.