ٹیم کی مسلسل کامیابی پر فواد چوہدری اور عثمان بزدار کی ٹیم کو مبارک باد

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ میں بھی شاندار میچ جیت گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ الحمدللّٰہ پاکستان کی عالمی کرکٹ میں فتح یاب واپسی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بھی بنگلہ دیش کے خلاف چٹا گانگ ٹیسٹ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عابد علی نے دونو ں اننگز میں شاندار بلے بازی کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، بہترین بیٹنگ پرعابد علی کو خصوصی طورپر مبارکباد دیتا ہوں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی بالرز شاہین آفریدی اورحسن علی نے بھی چٹا گانگ ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کی، بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی بہترین ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے، امید ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھے گی۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کو سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس کے آخری روز میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ اس سیریز میں پاکستان کو ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

بنگلادیش کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اچھی بیٹنگ دیکھنے کو ملی اور پاکستان ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر عابد علی اور عبداللہ شفیق کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت فتح حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں