کراچی میں قائم کیے گئے متحدہ عرب امارات کے ایشیاء میں سب سے بڑے ویزہ سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ تقریبِ افتتاح میں یو اے ای اور پاکستان کے متعلقہ حکام بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یو اے ای کے رواداری و بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کراچی میں یو اے ای کے قونصل جنرل ڈاکٹر سالم الخدیم نے کراچی میں نئے ویزہ سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے موقعے پر سندھ حکومت کے اعلیٰ افسران، تاجر برادری اور میڈیا نمائندگان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل یو اے ای ڈاکٹر سالم الخدیم نے پاک یو اے ای تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ ایشیا میں جدید ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق سب سے بڑا ویزہ سینٹر عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائے گا جو تمام انتظامی خدمات فراہم کرنے کے فریم ورک کا ایک اہم حصہ ہے۔
خطاب کے دوران قونصل جنرل نے کہا کہ ویزہ سینٹر کے افتتاح کا مقصد کسٹمر سروس کی سطح بہتر بنانا، بندرگاہوں پر الیکٹرانک گیٹس کے ذریعے پاکستانی شہریوں کا یو اے ای میں داخلہ آسان بنانا اور ویزے کے خواہش مندوں کو ویزہ فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب عمارات میں کم و بیش 16 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری مختلف سرکاری و نجی شعبہ جات میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یو اے ای سے پاکستان کو بھیجے جانے والے زرِ مبادلہ کا تخمینہ 4ارب ڈالر سالانہ لگایا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تقریبِ افتتاح کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جدید ترین ویزہ سینٹر کی تقریبِ افتتاح میں شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور ڈاکٹر سالم الخدیم کے ہمراہ شریک ہوا۔
inauguration ceremony of a modernised UAE Visa Center in #Karachi along with #SheikhNahyanBinMubarakAlNahyan & Dr. Salim Alkhaddeim AlDhanhani CG UAE #Pakistan & #UAE have laid strong foundations of bilateral relations,friendship & cooperation over the years. pic.twitter.com/hdh4Md3owp
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) November 28, 2021
گورنر سندھ نے ویزہ سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے سہولیات کا جائزہ لیا۔عمران اسماعیل کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان اور عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات کی گہری بنیادیں دوستی، تعاون اور خیر سگالی کے جذبات کی بنیاد پر قائم ہیں۔