ملک میں ہر پانچ سال بعد مردم شماری کرانے کا فیصلہ

 ملک میں ہر پانچ سال بعد مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں ہر پانچ سال کے بعد مردم شماری کرائی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو صدر پاکستان اورگورنرسندھ  دیے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی کی نوکریاں کراچی والوں کو ملنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ہفتے میں وزیراعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے۔ وہ کراچی میں گرین لائن کا افتتاح کریں گے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد میرٹ اورانصاف کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی معاونت سے کراچی کی ترقی کا سفر شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر 2022 میں مردم شماری مکمل کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا دیرینہ مطالبہ مردم شماری رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسدعمر نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت نے مقامی حکومتوں سے اختیارات چھین لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے نئے نظام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں