مردم شماری برائے 2022 کے لیے سوالنامے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سوالنامے کو حتمی شکل دینے کے متعلق حکام نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی۔
ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کی بابت بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دسمبر 2022 تک حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن کو اعداد وشمار دیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 2022 کی مردم شماری کے لیے سوالنامے کو حتمی شکل دے دی ہے، اس ضمن میں مشترکہ مفادات کونسل کو منظوری کے لیے سمری بھجوائی جائے گی۔
ہم نیوز کے مطابق دوران بریفنگ شرکائے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ادارہ شماریات دیگر اداروں کے ساتھ مشاورت کررہا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر مردم شماری کی تشہیر کے لیے ایک فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ادارہ شماریات تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔
ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے شرکائے اجلاس سے کہا کہ مقررہ وقت تک مردم شماری کے عمل کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے۔