سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں تجوری ہائٹس کو مسمار کرنے کا عمل شروع

سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع تجوری ہائٹس کو گرانے کے عمل کا آغاز کردیا گیا۔

گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں واقع تجوری ہائٹس کو اعلیٰ عدلیہ کے احکامات پر ہیوی مشین کی مدد سے مسمار کرنے کے عمل شروع ہوگیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چار ہفتوں میں پوری عمارت گرائی جائے اور ملبہ اٹھایا جائے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چار ہفتوں کا وقت 29 اکتوبر سے شروع ہوگا، انہدام سے قبل تجوری ہائٹس انتظامیہ فائلیں اور سامان نکال لیں جبکہ بکنگ فائلیں کمشنر کراچی کی زیرنگرانی نکالی جائیں۔

حکم نامے کے مطابق کمشنر کراچی بکنگ فائلوں کی مکمل انونٹری بنائیں جس میں بکنگ کروانے والوں کے مکمل پتے، حسابات درج کیے جائیں، انونٹری مکمل کرکے کمشنر کراچی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں جبکہ بکنگ کروانے والوں کو تین ماہ میں معاوضہ ادا کیا جائے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تجوری ہائٹس اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائے، عمل درآمد نہ کرنے پر تجوری ہائٹس انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

عمارت گرا کر رپورٹ 24 نومبر تک سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جمع کرائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں