پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ لانگ مارچ سے قبل شٹر ڈاون اور پہیہ جام کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت مخالف اتحاد کی جماعتوں کے ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ڈی ایم کی تحریک اور احتجاج تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام جماعتوں کے نمائندوں نے ایجنڈا پر رائے دی۔
اجلاس کے بعد دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل شٹر ڈاون، پہیہ جام کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور، گوادر جلسے اور دھرنے سمیت تمام آپشن موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ہم نے پی ڈی ایم کی تحریک کو کیا شکل دینی ہے اس کی نوعیت کیا ہو گی احتجاج زور دار کیسے ہوگا، ان پر اجلاس میں مشاورت کی گئی۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ سب سے بڑی بیماری جو قوم کو لاحق ہے وہ، موجودہ حکومت اور عمران خان کی شکل میں ہے۔ چاروں صوبوں میں سیمینارز، کانفرنس اور گوادر میں جلسہ کی سفارشات سامنے آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں لانگ مارچ بھی ہوسکتا ہے ۔ ہم نے مہلک بیماری سے قوم کو نجات دلانے کے لئے نسخے، تجاویز اور سفارشات سامنے آئیں۔