وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر حماد اظہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی تجویز عوام دشمن ہے، نیپرا بجلی کی بڑھتی قیمتوں کو فوری فریز کرے، قیمتوں کا بوجھ وفاقی حکومت پورا کرے۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ وفاقی وزیر حماد اظہر نے جھوٹ اور غلط بیانی کو اپنا وطیرہ بنالیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے بقول 28 فیصد صارفین ہیں تو وزیر موصوف اپنی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں، 28 فیصد کی گیس ضرورت کو پورا نہیں کرسکتے اگر مزید اضافہ ہوتا تو کیا ہوتا ۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ گیس بحران نہیں مانگ بڑھ گئی ہے اور اگر سردیوں میں مانگ بڑھ گئی ہے تو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کیوں ہوتی ہے ۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز نے کہا کہ وفاقی وزیر اپنی نااہلی اور ناکامیوں پر جو دلائل دے رہے ہیں وہ ناقابل قبول ہیں، ایل این جی کا اگر گھریلو صارفین سے تعلق نہیں ہے تو مہنگی ایل این جی خریدنے کی کیا ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نجی پاور کمپنیوں کو گیس کی بندش سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوجائے گا، بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز ناقابل برداشت ہے۔