شہباز شریف نے گیس بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیدیا

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ملک میں گیس کے بحران کا ذمہ دار حکومت کی نااہلی اور کرپشن کو قرار دے دیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی کی قیامت برپا کرنے کے بعد گیس کا بحران ناکامی در ناکامی کا شاخسانہ ہے اور گزشتہ 3 سال سے عوام صدموں، حادثات، پریشانیوں اور تکالیف میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے اور ٹرمینلز کے ہوتے ہوئے بھی گیس کا بحران پیدا ہونا حکومت کی نااہلی کی انتہا ہے۔ حکومت بروقت اور مناسب قیمت پر گیس کا بندوبست نہیں کرسکی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت گیس فراہمی پر توجہ دیتی تو آج اس صورتحال سے بچا جا سکتا تھا لیکن اگر یہ ٹرمینل بھی نہ ہوتے اور یہ حکومت ہوتی تو پھر کیا ہوتا ؟

انہوں نے کہا کہ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والی حکومت کا ہر اقدام عوام کو پرانے پاکستان کی یاد دلاتا ہے جبکہ حکومت سے نجات سے ہی عوام اور ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عوام کو مشکلات، مسائل، مہنگائی اور بے بسی کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ آٹا، چینی، بجلی کے بعد گیس کی قلت اور مہنگائی عوام پر ظلم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں