مہنگائی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج پشاور میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور محمود خان اچکزئی سمیت دیگر قائدین شریک ہوں گے۔
پی ڈی ایم کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالجلیل جان کے مطابق پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی مارچ مفتی مرکزی قائدین کی قیادت میں محمود مرکز سے روانہ ہو گا۔
مارچ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیر پاؤ، محمود خان اچکزئی، اویس احمد نورانی، پروفیسر ساجد میر اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر قائدین شریک ہوں گے، قائدین ریلوے پل پہنچ کر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کریں گے۔
ریلی کی سکیورٹی کے فرائض جے یو آئی کی رضاکار تنظیم انصار الاسلام نبھائے گی جبکہ ریلی کی موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہے گی۔ ریلی کے باعث پشاور ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔