وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کا اجلاس ہوا ، وزیر اعظم نے سرکاری اراضی پر تجاوزات کو خالی کرانے کا حکم جاری کر دیا۔
سروئیر جنرل آف پاکستان نے اجلاس میں کیڈیسٹرل میپنگ سے تفصیلی بریفنگ دی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری اراضی کی 88 فیصد میپنگ مکمل کر لی گئی ہے، مکمل میپنگ سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پر تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ، تجاوزات کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے، کیڈسٹرل میپنگ سے سرکاری اراضی ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ بن جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ تجاوزات جنگلات کی اراضی پر بنائی گئی ہیں، واپڈا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سول ایویشن اور ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات ہیں، پرائیوٹ اراضی کی ڈیجیٹائز یشن کا عمل صوبائی حکومتوں کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے سروے آف پاکستان کی کیڈیسٹرل میپنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ صوبائی حکومتیں تجاوزات کے لیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صوبے کیڈیسٹرل میپنگ کے ڈیٹا کی سروے 2ماہ میں مکمل کریں، تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اگانے کا منصوبہ بنایا جائے۔