وزیراعظم نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے کم آمدنی والے افراد کے لئے کسی حکومت نے کچھ نہیں کیا، موجودہ حکومت کم آمدنی والے افراد کی گھر بنانے میں مدد کر رہی ہے، تعمیراتی شعبے پر 90 فیصد ٹیکس چھوٹ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں کیلئے اپنا گھر بنانا بہت مشکل ہے، کوشش ہے جتنا کرایہ ہو اتنی ہی قسط بنے، تعمیراتی شعبے کو سبسڈی دی، بینکوں نے پہلی بار گھر بنانے کیلئے قرض دینا شروع کیا ہے، ہم نے 2 سال لگائے اور بینکوں کو قرض دینے پر آمادہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ متوسط اور غریب طبقہ کے لوگ گھر بناسکیں گے، 5 مرلے کا گھر بنانے کیلئے حکومت 5 فیصد سبسڈی دے گی، 10 مرلے کا گھر بنانے کیلئے حکومت 7 فیصد سبسڈی دے گی، پہلے ایک لاکھ گھروں کیلئے حکومت 3 لاکھ روپے سبسڈی دے رہی ہے، بینکوں کے پاس 226 ارب روپے قرض کیلئے درخواستیں آئی ہوئی ہیں، اس وقت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔