وزیر ریلوے اعظم سواتی نے استنبول، تہران، اسلام آباد فریٹ ٹرین شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
جمعرات کو سینیٹ کی ریلوے کمیٹی کے اجلاس کے دوران اعظم سواتی نے بتایا کہ استنول، تہران، اسلام آباد والی مال بردار ٹرین ٹرین 2 سے 4 ہفتوں میں آپریشن کا آغاز کردے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہر چیز ٹیکنالوجی پر آئے گی تب ہی ریلوے ترقی کرے گی اسی غرض سے ٹکٹنگ نظام کو بھی ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے مشروط ہے۔ انہوں نے کارکردگی اور سہولیات میں بہتری لانے کی غرض سے ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسافروں کو دوران سفر پیزا بھی ملے گا اور لاہوری تکہ بھی۔
اعظم سواتی نے کہا کہ کاروباری حضرات کو میدان میں آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مال بردار اور مسافر کوچز آؤٹ سورس کرنے کے لیے تیار ہے۔
ریلوے وزیر نے نو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ریلوے افسران کے پلاٹوں کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کیس بنا کر چیف جسٹس کو بھیجیں گے.