ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانے کی وصولی کیلئے نوازشریف کی جائیدادوں کی نیلامی روک دی گئی۔
لاہور کی ریونیو کورٹ نے 19 نومبر کو ہونے والی نیلامی روکنے کیلئے حکم امتناعی جاری کر دیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سے 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ وصولی کے معاملے پر محکمہ ریونیو کی جانب سے 19 نومبر کو ہونے والی نیلامی روک دی گئی۔
بورڈ آف ریونیو کے ممبر جوڈیشل محمد یعقوب کی جانب سے نواز شریف کی جائیدادوں کی نیلامی کیلئے ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور ڈویژن کے حکم نامے کے خلاف حکم امتناع جاری کیا گیا ہے۔
جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف نواز شریف کے بھتیجے عزیزعباس کی درخواست پر عدالت نے متعلقہ اداروں کو 15 دسمبر تک نیلامی کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ستمبر میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں 8 ملین پاؤنڈز جرمانے کی وصولی کیلئے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
نوازشریف کی زرعی اراضی کی نیلامی کی کارروائی کیلئے جاتی امرا رہائشگاہ پر نوٹس بھی آویزاں کئے گئے تھے۔