جنوبی وزیرستان: جرگے میں دستی بم حملہ، 6افراد زخمی

جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا بازار میں علماء کرام اور قبائلی عمائدین کے مشاورتی اجلاس کے دوران دستی بم حملے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملے میں زخمی 6 افراد کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا پہنچایا گیا، جہاں سے 3 شدید زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں شمس الدین، سلیم خان، مولانا سیف الدین، بلال، ملک نور زمان اور مولانا سلطان شامل ہیں، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر بشیر خان نے پولیس کو ہدایت کی کہ ڈی آئی خان ریفر ہونیوالے زخمیوں کو پولیس سیکیورٹی میں اسپتال پہنچایا جائے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں