آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی توجہ سے افغانستان میں انسانی المیے کو روکا جاسکتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان عوام کی معاشی ترقی کی مربوط کوششوں کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے افغان صورت حال پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ عالمی توجہ سے افغانستان میں انسانی المیے کو روکا جاسکتا ہے۔