ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس عوامی ترقی کا ایک بہت بڑا ایجنڈا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیڈ گورننس، کرپشن اور انتقامی سیاست کا سیاہ باب ختم ہو چکا ہے اور اب ملکی ترقی و وقار کا سفر شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں اور احتجاج سے ترقی کا سفر نہیں رک سکتا جبکہ اپوزیشن کے پاس شور مچانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے تاہم حکومت کے پاس عوامی ترقی کا ایک بہت بڑا ایجنڈا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے ریلیف پیکج کا مقصد عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا ہے اور وزیر اعظم ریلیف پیکج سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو گی۔ اپوزیشن نے گزشتہ 30 سال میں عوام کو کون سا ریلیف دیا ہے ؟
مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہماری حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے اور حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان ایمانداری اور دیانت داری سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام اب خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتی۔
دورہ سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ سندھ کامیاب رہا اور سندھ کے عوام زرداری کی پارٹی سے تھک چکے ہیں۔