اسلام آباد: اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں مہنگائی سمیت موجوہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا اور صوبوں میں مہنگائی مارچ کے بعد اختتام لانگ مارچ کی صورت میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہنگائی مارچ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہو گا۔ پی ڈی ایم کی جانب سے 13 نومبر کو کراچی میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا جائے گا جبکہ 17 نومبر کو کوئٹہ اور 20 نومبر کو پشاور میں لانگ مارچ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پارلیمنٹ میں نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری روکنے پر اتفاق ہوا جبکہ حکومتی اراکین پارلیمنٹ اور حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں آرڈیننس کو مسترد کرائیں گے۔
اجلاس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ہوشربا گرانی کے خلاف مشترکہ طور پر احتجاجی حکمت عملی تیار کرنے پر غور و خوص کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پارلیمنٹ کے ہونے والے مشترکہ اجلاس سے متعلق بھی غور و خوص ہونا تھا۔